خصائل محمدى اردو شرح شمائل ترمذی

خصائل محمدى اردو شرح شمائل ترمذی: انسانیت کے انفرادى معاملات سے لے کراجتماعى بلکہ بین الاقوامى معاملات اورتعلقات کا کوئی ایسا گوشہ نہیں کہ جس کے متعلق پیارے پیغمبرصلى اللہ علیہ وسلم نے راہنمائی نہ فرمائی ہو، کتب احادیث میں انسانى زندگی کا کوئی پہلو تشنہ نہیں ہے یعنى انفرادى اور اجتماعی سیرت واخلاق سے متعلق محدثین نے پیارے پیغمبر صلى اللہ علیہ وسلم کے فرامین کی روشنى میں ہر چیز جمع فرمادی ہے- زیر نظر کتاب "شمائل ترمذی" بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جسمیں امام ترمذی رحمہ اللہ نے نہایت محنت وکاوش وعرق ریزی سے سیّد کائنات ،سيد ولد آدم، جناب محمد رسول صلى الله عليه وسلم كے عسرویسر، شب وروز اور سفر وحضرسے متعلقہ معلومات ‏کو احادیث کی روشنى میں جمع کردیا ہے- کتاب پڑھنے والا کبھی مسکراتا اورہنستا ہے تو کبھی روتا اورسسکیاں بھرتا ہے- ‏سیّد کائنات صلى اللہ علیہ وسلم کے رخ زیبا کا بیان پڑھتا ہے تو دل کی کلى کھل جاتی ہے اور جب گزر اوقات پر نظر جاتى ہے ‏تو بے اختیار آنسوؤں کی لڑیاں گرنا شروع ہوجاتی ہیں- خدمت حدیث رسول صلى اللہ علیہ وسلم کے تعلق ومحبت کے جذبے کے تحت شمائل ترمذی کا ترجمہ، تخریج اور فوائد قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے. مترجمین وشارحین جناب علامہ منیراحمد وقار اور مولانا عبدالصمد ریالوى صاحب اورجناب ‏نصیرکاشف صاحب کو اللہ جزائے خیردے، جنہوں نے اپنا اپنا کام بڑی محنت ولگن سے سرانجام دیا- یاد رہے کہ احادیث ‏کی تحقیق ودراسہ میں علمائے متقدمین اورمحدث عصر ناصرالدین البانىؒ کے منہج کو مدّ نظررکھا گیا ہے- اللہ تعالى ان کی جملہ ‏دینی مساعى کو بھی قبول فرمائے اورانکے علم وعمل میں خیروبرکت عطا فرمائے آمین!‏